مقدس جمعہ (گڈ فرائیڈے) کو ہم ایسٹر کا جمعہ بھی کہتے ہیں. اس جمعہ کے دن یسوع المسیح کو صلیب دی گئی تھی اور اس مقدس جمعہ کے دن ہم یسوع المسیح کی صلیب پر موت کو یاد کرتے ہیں اور گرجا گھروں میں اپنی نجات اور یسوع المسیح کی صلیب پر موت کو یاد کر کے دکھ کرتے ہیں، کیونکہ اُنہوں نے ہمارے گناہوں کی خاطر صلیب پر جان دی. لیکن انجیل ہمیں کبھی بھی اس دن کو یسوع المسیح کی موت کو یاد کرنے کے لیے مخصوص نہیں کرتی. انجیل نے ہمیں ان معاملات میں مکمل آزادی بخشی ہے۔
رومیوں 14 باب 5 آیت ” کوئی تو ایک دن کو دوسرے سے افضل جانتا ہے اور کوئی سب دنوں کو برابر جانتا ہے. ہر کوئی اپنے دل میں پورا اعتقاد رکھے”۔
یسوع المسیح کی موت کو یاد کرنے کا کوئی مخصوص دن نہیں رکھا گیا. گرجا گھروں میں شکر گزاری کی دعا کر کے، خدا کی موت اور خدا کی صلیب پر جان دینے والے منظر کو یاد کر کے، خدا کی ثنا گا کر اور خدا کی صلیبی موت پر پیغام دے کر اس مُقّدس جمعہ کو منایا جاتا ہے۔
ہم لوگ اس مُقّدس جمعہ کو گڈ فرائیڈے کیوں کہتے ہیں جب کہ یہودیوں اور رومیوں نے جو خداوند یسوع المسیح کے ساتھ کیا وہ بلکل بھی گڈ یا اچھا نہیں تھا ہم وہ سب جو دکھ اُنہوں نے سہے انجیل مُقّدس میں متی کی انجیل اس کے 26 اور 27 باب میں دیکھ سکتے ہیں. جبکہ خداوند یسوع المسیح کی موت کے بہت اچھے نتائج سامنے آ ئے اور اُن کی صلیب کی موت نے یہ ثابت کر دیا کہ وہ اپنے وعدے کے مطابق اور اپنے آسمانی باپ کی مرضی کے مطابق سب برداشت کریں گے اور اُن کے ہلاک ہونے سے ہم سب زندگیاں پائیں گے شاید اسی وجہ سے ہم اس مُقّدس جمعہ کو گڈ فرائیڈے کہتے ہیں۔
رومیوں 5 باب 8 آیت: "لیکن خدا اپنی محبت کی خوبی ہم پر یوں ظاہر کرتا ہے کہ جب ہم گنہگار تھے تو مسیح نے ہماری خاطر جان دی”۔
پطرس (1) 3 باب 18 آیت: "اس لیے مسیح نے بھی یعنی راستباز نے ناراستوں کے لیے گناہوں کے باعث ایک بار دکھ اٹھایا تاکہ ہم کو خدا کے پاس پہنچائے. وہ جسم کے اعتبار سے تو مارا گیا لیکن روح کے اعتبار سے زندہ کیا گیا”۔
خدا نے ہمارے گناہوں کی خاطر اپنا اکلوتا بیٹا قربان کیا خداوند یسوع المسیح ہمارے لیے ہماری وجہ سے مصلوب کیے گئے. جسمانی موت مرے اور روحانی طور پر زندہ کیے گئے. وہ آج بھی زندہ ہیں اور ہم سب کے درمیان ہیں۔