jcm-logo

کانٹوں سے بھرا مسیحیت کا راستہ

کانٹوں سے بھرا مسیحیت کا راستہ - مسیح کی راہ میں آگے بڑھتے جانا

مسیح میں سب بہن بھائیوں کو میرا سلام!

آج کا ہمارا موضوع ہے کہ کیا ایک مسیحی کو ظلم کے آگے جھک جانا چاہیے اور یسوع مسیح کا ساتھ چھوڑ دینا چاہیے؟

آج کل پاکستان میں بہت ذیادہ ایسے کیسس ہو رہے ہیں۔ مسیحیوں کو بہت تنگ کیا جا رہا ہے کہ وہ یسوع مسیح کا راستہ چھوڑ دیں۔ کہ وہ مسلمان ہو جائیں اور اُنہیں طرح طرح کے لالچ دیے جاتے ہیں۔ اور کچھ کمزور اِیمان والے ایسا کر بھی جاتے ہیں۔ لیکن بائبل مقدس ہمیں اُن کے بارے میں کیا کہتی ہے اور ہمارے بارے میں کیا کہتی ہے۔ آئیے ہم بائبل مقدس میں سے پڑھتے ہیں۔ استثنا 31 باب 6 آیت کی طلاوت کریں گے۔

” تُو مصبُوط ہو جا اور حَوصلہ رکھ۔ مت ڈر اور نہ اُن سے خَوف کھا کیونکہ خُداوند تیرا خُدا خُود ہی تیرے ساتھ جاتا ہے۔ وہ تُجھ سے دست بردار نہیں ہوگا اور نہ تُجھ کو چھوڑے گا "۔

کتنی پیاری بات میرا خُدا کہہ رہا ہے۔ اِسی کے ساتھ ہی ہم دوسرا حوالہ پڑھیں گے۔

زبور 27 اِس میں خُدا کہہ رہا ہے:

” خُداوند میری رَوشنی اور میری نجات ہے۔

مُجھے کِس کی دہشت؟

خُداوند میری زِندگی کا پُشتہ ہے۔ مُجھے کِس کی ہَیبت؟

جب شریر یعنی میرے مُخالِف اور میرے دُشمن

میرا گوشت کھانے کو مُجھ پر چڑھ آئے تو وہ ٹھوکر کھا کر گِر پڑے۔

خواہ میرے خِلاف لشکر خَیمہ زن ہو

میرا دِل نہیں ڈرے گا۔

خواہ میرے مُقابلہ میں جنگ برپا ہو

تَو بھی مَیں خاطِر جمع رہُوں گا۔

مَیں نے خُداوند سے ایک درخواست کی ہے۔ مَیں اِسی کا طالِب رہُوں گا

کہ مَیں عُمر بھر خُداوند کے گھر میں رہُوں

تاکہ خُداوند کے جمال کو دیکھُوں اور اُس کی ہَیکل میں اِستِفسار کِیا کرُوں۔ "

پیارے دوستوں کلام مقدس کا پڑھا جانا ہمارے لیے بائث برکت ہو۔ آج کل ہم مسیحیوں پر بہت زیادہ ظلم کیا جا رہا ہے۔ ہم پر طرح طرح کے الزام لگائے جاتے ہیں۔ خاص طور پر پاکستان میں ہم پر توہینِ رسالت کا الزام لگایا جاتا ہے۔ ہم سالوں جیل میں پڑے رہتے ہیں۔ اور ثابت کچھ بھی نہیں ہوتا۔ صرف ہمیں اذیت دی جاتی ہے تاکہ ہم لوگ اپنا راستہ چھوڑیں کہ یسوع مسیح اور نجات کا راستہ چھوڑیں۔ اِس مستقل زندگی کے چکر میں ہم اپنی ابدی زندگی کو چھوڑ دیں۔ اور کچھ کمزور ایمان والے دوست جو یہ سب نہیں جانتے وہ ایسا کرتے بھی ہیں۔ لیکن یقین مانیے وہ کبھی بھی فلاح نہیں پائیں گے۔ وہ کبھی کامیاب نہیں ہونگیں۔ جب تک وہ یسوع مسیح کے پاس نہیں آتے وہ ہمیشہ در بہ در کی ٹھوکر کھائیں گے۔

جو لوگ یہ سب کچھ برداشت کرتے ہیں صرف اپنے باپ کی خاطر اور یسوع مسیح کی خاطر وہ فلاح پائیں گے۔ کیونکہ بائبل مقدس میں ہمیں پہلے سے ہی یہ باتیں بتا دی گئی ہیں۔ یسوع مسیح ہمیں دو ہزار سال پہلے یہ بتا چکے ہیں۔ لیکن اُنہوں نے ساتھ یہ بھی کہا ہے کہ جو میرے نام سے ستائے جائیں گے وہ مبارک ہیں اور ہم لوگ جو ستائے جا رہے ہیں ہم مبارک ہیں۔ خُدا نے ہمیں یہ پیغام دیا ہے کہ ہم لوگ مبارک لوگ ہیں کیونکہ ہم لوگ ستائے جا رہے ہیں۔ اور آخرت میں ہمارے سر پر زندگی کا تاج ہوگا۔ یہ یسوع مسیح ہمیں پہلے ہی سے دو ہزار سال پہلے کہہ چکے ہیں۔ اِس کے ساتھ ہی میں اپنی بات ختم کروں گا۔ خُداوند ہم سب کو برکت دے۔ آمین!