jcm-logo

میری صلیب میری پہچان نے بنا دیا مجھے اُن کی نظر میں ناقابل احترام

میری صلیب میری پہچان نے بنا دیا مجھے اُن کی نظر میں ناقابل احترام - مسیحیت کی پہچان

صلیب کا نشان ہم مسیحیوں کے لیے ایک پاک نشان مانا جاتا ہے جیسا مسلمان الله کے 786 کہ ہندسے کو پاک مانتے ہیں. صلیب ہمارا پاک نشان ہے، ہماری پہچان ہے، ہماری طاقت اور ہمارا ایمان ہے. پاکستان جیسے ملک میں کہنے کو تو آئین اور قانون ہمیں مذہبی آزادی دیتے ہیں لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے. پاکستان میں رہ رہے ہر مسیح کی اس مضمون پرایک الگ، دردناک اور ناقابل تصور داستان ہو گی. آج میں آپکو اپنی آپ بیتی سنانا چاہونگی۔

سکول: وہ معاشرتی ادارہ ہے جہاں ہم زندگی کا ایک نیا پہلو دیکھتے ہیں، جہاں ہمیں سکھایا جاتا ہے کہ کیسے رنگ، ذات اور مذہب کو نظرانداز کر کے انسان کو انسان سمجھ کر پیار کیا جانا چاہیے. لیکن مجھے زندگی کی پہلی تکلیف اِسی ادارے میں ملی جب میں صلیب پہننے کی وجہ سے مذہبی تعصّب کا شکار ہوئی. آج بھی دل کو چوٹ پہنچتی ہے جب یاد آتا ہے کہ کس طرح سے مسیحی ہونے اور صلیب پہننے کی وجہ سے مُجھ میں اور مسلمان طلبہ میں فرق رکھا جاتا تھا. سکول کے ایک تویل عرصے کے دوران اپنے صلیبی نشان سے اُن لوگوں کی نفرت اور اپنی قابلیت کو نظرانداز ہونے سے نہ روک سکی۔

کالج: سوچا کہ اِسکول میں میں اور میرے کلاس کے ساتھی ذہنی طور پر اِتنے قابل نہیں ہوتے تھے، شاید اِس وجہ سے مجھے مذہبی طور پر ایک فرق نظر سے دیکھا جاتا تھا پر کالج سکول سے بھی بڑھ کر تھا. کلاس کے ساتھیوں کی تنگ نظری اور چھوٹی ذہنیت کے ساتھ ساتھ ہمارے اساتذہ نے بھی اعلیٰ کردار ادا کیا. میرے مسیح ہونے اور صلیب کے پاک نشان پہننے کی وجہ سے مجھے بے تُکے سوالات کا سامنا کرنا پڑتا تھا جن کی میرے خیال و گمان میں بھی نہ کوئی جگہ اور نہ ہی جواز تھا۔

جہاں ہم اخلاق اور حقوق کے بارے میں سیکھنے جاتے ہیں وہاں سکھانے والے ہی مذہب کے فرق کو دیکھ کر سب بھول جاتے ہیں. صرف اِس صلیبی نشان کی وجہ سے میری قابلیت کو نظرانداز کیا گیا اور مجھے بات بات پر نیچا دکھایا گیا. مجھے یہ احساس دلایا گیا کہ میں اُن جیسی قابل احترام نہیں ہوں۔

ملازمت: ایک نیا امتحان. پہلی بات تو مسیحیوں کو ملازمت پر بہت سوچ سمجھ  کر رکھا جاتا ہے کیونکہ وہ غیر مسلمان برادری سے تعلق رکھتے ہیں. قسمت سے ملازمت مل جانے کے بعد یہاں بھی اُسی طرح نظرانداز ہونا پڑا جیسے سکول اور کالج میں ہوتی تھی. مجھ سے کمتر لوگوں کو ترقی دی جاتی تھی اور میرا سوال صرف اتنا ہوتا تھا کہ کیا صلیب جیسے پاک نشان کو پہننا گناہ ہے؟ کیا مسلمان نہ ہونا گناہ ہے؟ کیا مسیحی ہونے کی وجہ سے مجھ سے ناپاک کافروں کی طرح سلوک کیا جانا جائز تھا؟ کیا مسیحی انسان نہیں ہوتے ہیں؟

پاکستان میں مذہبی آزادی ہے، میں اِس بات پر عقیدہ نہیں رکھتی ہوں. کس مذہبی آزادی کے نغمے گاتے ہیں ہم جب مسیحی آزادی سے اپنے خدا کا نام نہیں لے سکتے، تعلیم اور ملازمت میں وہ مقام نہیں پاسکتے جو اسلامی جمہوریہ پاکستان میں ایک مسلمان کو ملتا ہے؟

مجھکو آزادی ملی بھی تو ایسے جیسے کمرے سے اٹھا کر کوئی صحن میں پنجرا رکھ دے۔

.س. م
لاہور پاکستان