خداوند کی تعریف ہو کیونکہ وہ بھلا ہے اور اُس کی شفقت ابدی ہے۔ اگر آپ اپنے گناہوں کے خلاف لڑ رہے ہیں اور آپ گناہوں سے توبہ کرنا چاہتے ہیں۔ تو چاہے آپ دنیا کی کسی بھی قوم سے تعلق رکھتے ہیں اور نجات پانا چاہتے ہیں تو صرف یسوع مسیح ہی ہیں جو آپ کو گناہوں سے نجات دے سکتے ہیں۔ کیونکہ صرف وہ ہی خدا کے برّے ہیں جو جہاں کے گناہوں کو اُٹھا لے جاتے ہیں۔ اُنہوں نے ہی تمام جہاں کے گناہوں کو معاف کیا ہے اور وہ آج بھی گناہوں کو معاف کرنے کے لئے خدا کے داہنے ہاتھ تخت پر بیٹھے ہیں۔
بائبل میں لکھا ہے کہ یسوع مسیح کو خدا نے اختیار دیا ہے کہ زمین پر آدمیوں کے گناہ کو معاف کریں۔ عدالت کا اختیار بھی یسوع مسیح کے پاس ہے کیونکہ وہ سلامتی کے شہزادے ہیں۔ وہ خدا کے اکلوتے بیٹے ہیں جن کے پاس یہ اختیار ہے۔ اُنہوں نے اپنی جان دے کر خدا کی مرضی کو پورا کیا اور یہ حق پایا کہ وہ آپ کے گناہوں کو معاف کریں کیونکہ باپ صرف یسوع مسیح کے وسیلہ سے آپ کے گناہوں کو معاف کرے گا۔ تب ہی وہ آپ کو اپنے قریب آنے دے گا۔ جیسا کہ کلام میں بھی لکھا ہے کہ کوئی بھی یسوع مسیح کے وسیلہ کے بغیر خدا باپ کے پاس نہیں جا سکتا۔
اِس لئے آپ بھی یسوع مسیح کے بغیر خدا باپ کے پاس نہیں جا سکتے اور اپنے گناہوں کی مَعافی نہیں پا سکتے۔ اگر آج آپ اپنے گناہوں کی مَعافی پانا چاہتے ہیں تو میرے ساتھ دُعا میں ہاتھ اُٹھائیے۔ آئیے ہم مل کر دُعا کرتے ہیں۔ خداوند یسوع ناصری ہم آپ سے دُعا کرتے ہیں کہ آپ ہمارے گناہوں کو معاف کریں، ہمیں ہمیشہ کی زندگی دیں اور ہماری ساری غلطیوں کو معاف کر دیں۔ ہمیں اپنے سینے سے لگا لیں۔
ہمیں اپنے قریب آنے کی برکت دیں۔ اے خداوند تو ہمیں ہمیشہ کی زندگی کا اختیار دے دے کیونکہ یسوع ناصری ہم آپ پر ایمان لاتے ہیں اور جو آپ پر ایمان لاتے ہیں اُن پر سزا کا حکم نہیں ہوتا۔ یسوع ناصری ہم آپ سے دُعا کرتے ہیں کہ آپ ہمیں روح القدس کی برکت بھی دیں۔ تاکہ ہم آپ کی مرضی کے مطابق بنتے اور ڈھلتے جائیں۔ یسوع مسیح کے نام میں آمین!