خُداوَند کی تعریف ہو کیونکہ وہ بھلا ہے اور اُس کی شفقت اَبدی ہے۔ عزیزو تیمیتھیس (2) خط اور اُس کے 3 باب میں لکھا ہے کہ ” بلکہ جتنے یسوع مسیح میں دینداری کے ساتھ راستبازی کی زندگی گزارنا چاہتے ہیں، وہ سب ستائے جائیں گے”۔ اگر آپ راستباز ہیں سچّے مسیحی ہیں تو آپ کو اِس بات کو سمجھ لینا اور جان لینا چاہیے کہ جو مسیحی زندگی ہے وہ پھولوں کی سیجھ نہیں ہے۔ اِس میں سب کے لیے خدا کی طرف سے ایک ہی قانون مُقرر ہے کہ وہ سب ستاۓ جائیں گے۔ اِسی لیے یسوع مسیح نے سبز باغ دکھانے کی بجاۓ شروع میں ہی کہہ دیا تھا کہ: ” میرے نام کے سبب سے لوگ تم کو لَعن تَعن کریں گے اور ہر طرح کی بُری باتیں تمہاری نسبت ناحق کہیں گے، تو تم خوشی کرنا اور نہایت شادمان ہونا کیونکہ آسمان پر تمہارا اَجر بڑا ہے”۔
کیوں اِن اَذیتوں کے مُتعلق بتایا گیا، کیا یہ خدا کی مرضی تھی کہ یہ اَذیتیں ہماری زندگی میں آئیں گی؟ نہیں! اِس میں خدا کی پاک مرضی کا سبب یہ ہے کہ ہم ایسی زمین پر، ایسی دنیا میں رہتے ہیں جہاں پر خُداوَند کا نِظام موجود نہیں ہے۔ اِسی لیے تو یسوع مسیح نے کہا تھا جب ہم دعا کرتے ہیں کہ: ” اے ہمارے باپ تیرا نام پاک مانا جاۓ، تیری بادشاہی آئے”۔ زمین پر ابھی خدا کی بادشاہی نہیں آئی، جب تک یسوع مسیح ناصری زمین پر واپس نہیں آتے، زمین پر خدا کی بادشاہی نہیں آۓ گی۔ جب وہ آجائیں گے تو زمین پر خدا کی بادشاہی آ جاۓ گی۔ اُس وقت کسی بھی ایماندار کو اور یسوع مسیح پر ایمان رکھنے والوں کو تو کیا دوسروں کو بھی اَذیت میں سے گزرنا نہیں پڑے گا۔ کیونکہ خدا کی بادشاہی میں خُداوَند لوگوں کو اَذیتوں سے بچا لے گا۔
اِس لیے ابھی اِس دنیا میں، چونکہ ہم خُداوَند کے لوگ ہیں، راستباز ہیں اور راستبازی کی زندگی گزارنا چاہتے ہیں، اِس لیے اِبلیس کی طرف سے، دنیا کے نِظاموں کی طرف سے ہمیں اَذِیتوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ کیونکہ ہم جھوٹ نہیں بول سکتے، ہم غلط طریقے سے پیسہ نہیں کما سکتے، ہم جھوٹ کا ساتھ نہیں دے سکتے، قدم قدم پر لوگ ہمارے مخالف ہیں اور اِبلیس بھی لوگوں کو اُکساتا ہے تاکہ وہ ہماری مخالفت میں کھڑے ہو جائیں۔ اِس لیے مسیحی ہونا ایک عام سی بات نہیں ہے۔ آپ کو مصیبتوں کے لیے تیار رہنا چاہیے، کیونکہ یسوع مسیح نے کہا تھا کہ: ” جو ہَل پر ہاتھ رکھ کر پیچھے دیکھتا ہے، وہ میرے لائق نہیں ہے”۔ اگر آپ ڈرپوک ہیں تو آپ خدا کی بادشاہی میں نہیں جا سکتے۔ مکاشفا کی کتاب کے آخری باب میں، آخری حصّوں میں آپ پڑھ سکتے ہیں۔ وہاں پر اُن لوگوں کے بارے میں بتایا گیا ہے جو لوگ خدا کی بادشاہی میں شامل ہوں گے۔ اُس میں سب سے پہلی جو حیران کر دینے والی بات ہے وہ یہ ہے کہ ڈرپوک خدا کی بادشاہی میں داخل نہیں ہو گا، بُزدِل خدا کی بادشاہی میں داخل نہیں ہو گا۔ اگر آپ بُزدِل ہیں تو آپ خدا کے لائق نہیں ہیں۔
اگر آپ مصیبتوں سے ڈرتے ہیں تو پھر آپ مسیحی نہیں بن سکتے۔ مصیبت کسی بھی طرح سے آۓ گی، ہو سکتا ہے آپ کا بیٹا ہی آپ کو اِتنا تنگ کر دے اور آپ پہ اِتنے اِلزام لگا دے کہ آپ دِلبرداشتہ ہوں، ہو سکتا ہے آپ کی بیوی آپ کو تنگ کرے، آپ کا خاوند آپ کو تنگ کرے، آپ کے بہن بھائی آپ کے خلاف ہو جائیں، آپ کی حکومت آپ کے خلاف ہو، جِس علاقے میں آپ رہتے ہیں وہاں کے لوگ آپ کے خلاف ہو جائیں، کاروبار میں آپ کو مسائل ہوں گے، ہر جگہ آپ کو مسائل ہوں گے لیکن اگر آپ مضبوط ہیں اور یسوع مسیح آپ کی زندگی کا مرکزی حصّہ ہے اور وہ آپ کا مرکز ہے اور آپ زندگی گزارتے ہیں، تو پھر آپ کو مسئلہ نہیں ہو گا کیونکہ خداوند آپ کو مضبوط کرے گا۔ اِسی لیے لکھا ہے کہ ” جو مجھ میں ہے، وہ اُس سے بڑا ہے، جو اِس دنیا میں ہے”۔ اگر آپ کے اندر یسوع رہتا ہے پھر آپ مصیبتوں سے نہیں ڈریں گے۔ خداوند آپ کو برکت دے۔