jcm-logo

نجات کیا ہے؟

خُداوند کی تعریف ہو کیونکہ وہ بھلا ہے اور اُس کی شفقت ابدی ہے۔ میرے عزیزوں آج ہم اِس بات پر بحث کریں گے کہ نِجَات اصل میں کیا ہے؟ نِجَات کا سادہ مطلب یہ ہے کہ اپنے گناہوں سے مکمل طور پر توبہ کر کے یسوع مسیح کے نام سے بپتسمہ لے کر ایک پاکیزگی اور راستبازی کی زندگی گزاریں۔ لیکن آپ کو سمجھانے کے لئے میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ آپ نِجَات کے تین بنیادی پہلوؤں پر عمل کریں کیونکہ اگر آپ اپنی زندگی میں نِجاَت کو مکمل طور پر دیکھنا چاہتے ہیں تو بائبل ہمیں راستبازی،  پاکیزگی اور جلال کے بارے میں سکھاتی ہے۔ سب سے پہلے راستبازی پر بات کریں گے۔

اصل میں اِنسان روح، بدن اور جان کا مرکب ہے یعنی وہ تین چیزوں سے بنا ہے۔ اِس لئے جب آپ یسوع مسیح کو قبول کرتے ہیں اور آپ اپنے گناہوں کی سچے دِل سے معافی مانگتے ہیں اور سچے دِل سے بپتسمہ لیتے ہیں تو اُس وقت آپ کی روح نِجَات حاصل کرتی ہے اور آپ ایک نئے شخص بن جاتے ہیں اور آپ گناہوں سے مکمل طور پر منہ موڑ لیتے ہیں۔ لیکن عام طور پر یہ دیکھا جاتا ہے کہ لوگ آزمائشوں کے سامنے ہار مان لیتے ہیں اور وہ اِس پر فتح پانے کی کوشش نہیں کرتے۔ اِس طرح وہ اپنی جسمانی خواہشوں پر غلبہ نہیں پا سکتے اور بہت سے غلط کام اُن سے ہو جاتے ہیں اور وہ ساری عمر تڑپتے رہتے ہیں کہ خُدا کو قبول کرنے کے باوجود بھی میں نے یہ گناہ کیوں کیا۔

کیونکہ یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جس میں آپ اپنی نِجَات کو سنجیدگی سے نہیں لیتے اور آپ پاکیزگی سے ڈرتے ہیں۔ پاکیزگی ایک خاص چیز ہے جس کے بارے میں بائبل میں سکھایا گیا ہے کہ پاکیزگی خُدا کی ذات کا سب سے اہم حصہ ہے اور خُدا صرف پاکیزگی میں رہتا ہے اور وہ آپ کو بھی پاکیزہ بنا کر اپنے پاس آنے دے گا۔ اِسی لئے بائبل میں لکھا ہے کہ یسوع مسیح ہمارے تمام داغ اور دھبوں کو ہم سے دور کر کے باپ کے سامنے پیش کرے گا۔ تو پاکیزگی ایک ایسا عمل ہے کہ جس دِن سے آپ یسوع مسیح کو قبول کرتے ہیں یہ اُس وقت سے لے کر آپ کی زندگی کے آخر تک آپ کے ساتھ چلتا ہے۔ جس میں آپ کی آزمائش مسلسل ہوتی رہتی ہے اور خُدا کا کلام آپ کو آزماتا رہتا ہے اور یہ آپ کو مضبوط کرتا رہتا ہے اور یہ آپ کو کندن بنا دے گا اور آپ کو ایسا بنا دیتا ہے کہ آپ کاملیت کی طرف بڑھتے جاتے ہیں۔

اصل میں خُدا آپ کی آزمائش کرتا ہے کہ کیا آپ توبہ کرنے کے بعد واقعی میں گناہ کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن اگر آپ اپنے ارادے میں مضبوط رہتے ہیں تو خُدا آپ کی نیت کو دیکھتا ہے اور وہ آپ کو مضبوط کرتا ہے اور آپ دُعا کے وسیلے سے اِس بات پر غالب آ سکتے ہیں۔ ایسے بہت سے لوگ ہوتے ہیں جن کو اپنی جسمانی خواہشات پر قابو پانے میں کئی سال لگ جاتے ہیں۔

اِس کا دوسرا پہلو بہت مشکل ہے کیونکہ اِس میں ہماری پرانی زندگی ہم پر پھر سے غالب آنے کی کوشش کرتی ہے اور یہ دوسرا پہلو پاکیزگی کا ہے۔ اِس سے پہلا پہلو راستبازی کا تھا جو آپ کی روح کے لئے تھا اور اب دوسرا پہلو ہے پاکیزگی جو آپ کی روح کو پاک کرنے کے لئے ہے۔ ہم نے صرف اپنے جسم کی خواہشوں کو ہی نہیں پورا کرنا بلکہ اپنی روح کی خواہشوں کو بھی پورا کرنا ہے کیونکہ روح جسم کے خلاف خواہش کرتا ہے۔ اور جو لوگ روح کی خواہش کے مطابق چلتے ہیں وہ ہی خُدا کے بیٹے اور بیٹیاں کہلاتے ہیں۔

اور تیسرے پہلو میں جلال آتا ہے۔ ہم یسوع مسیح کے ساتھ جلال میں شامل ہو جائیں گے کیونکہ یہ بدن جو ہمارے پاس اِس وقت موجود ہے جس کے اندر ہماری روح اور جان بستی ہے یہ فانی بدن ہے اور یسوع مسیح ہمیں ایک جلالی بدن دیں گے۔ جب وہ واپس آئیں گے تو کلیسیا آسمان پر اُن کا استقبال کرے گی اور جو قبروں میں ہیں اُن کو دوبارہ زندہ کیا جائے گا اور اُن کو بھی جلالی بدن ملے گا اور وہ بھی سب کے ساتھ جائیں گے اور جو مسیحی اُس وقت زندہ کیے جائیں گے اُن کا جسم بدل جائے گا اور وہ بھی آسمان پر یسوع مسیح کا استقبال کریں گے۔ اور جو جلالی بدن ہمیں ملے گا، اُس میں نہ کوئی موت، نہ کوئی دُکھ، نہ کوئی بیماری، نہ کوئی مصیبت اور نہ ہی کوئی پریشانی ہم پر غالب آئے گی۔ وہ ایک جلالی بدن ہوگا۔ وہ یسوع مسیح کے جیسا بدن ہوگا اور یسوع مسیح آپ کو اپنی مانند بنا لیں گے۔ خُداوند کی تعریف ہو اور خُداوند آپ کو اُس راستبازی، پاکیزگی اور جلالی زندگی میں لے کر جائے گا۔ ہم سب اِس بات کے لئے خُداوند کے شکر گزار ہیں۔ خُداوند آپ سب کو برکت دے۔ آمین!