jcm-logo

پانچ طاقتیں

پانچ طاقتیں - مسیحیت میں پانچ طاقتیں - یسوع المسیح کا لہو - روح القدس کی طاقت

ہم سب جانتے ہیں کہ شیطان ہمیشہ ہمیں ہرانے آتا ہے، ہمیں برائی کی راہ پر چلانے آتا ہے اور ہمیں دکھ دینے آتا ہے. آج میں آپکو ان پانچ طاقتوں کے بارے میں بتاؤں گا جو یسوع المسیح نے ہمیں شیطان کا مقابلہ کرنے کے لیے بخشی ہیں. یسوع المسیح ہمیں جیون دینے آئے ہیں. پانچ چیزیں جو مسیحیت میں بہت خوبصورت ہیں میں آپکو اُن کے بارے بتانا چاہتا ہوں۔

پانچ کا ہندسہ انجیل میں بہت بار آیا ہے. پانچ سے مراد ہم اپنے ہاتھ کی پانچ انگلیوں کو لیتے ہیں. ان پانچ انگلیوں سے انسان بہت کچھ کر سکتا ہے. یہی پانچ انگلیاں خدا سے دعا مانگتے وقت ہم اٹھاتے ہیں. ہماری زندگیوں میں ان پانچ انگلیوں کا بہت بڑا کام ہے. ہم اِن ہاتھوں کو لوگوں کی خدمت کے لیے بھی استعمال کرتے ہیں۔ یہی ہاتھ کسی کے لیے دعا میں اٹھتے ہیں. یہی ہاتھ ہم خدا کے آگے اپنے دل پر رکھ کر اپنی مرادیں اسکو بتاتے ہیں اسی طرح یسوع المسیح نے انہیں ہاتھوں سے بہت سارے معجزے کیے، بڑے بڑے کام کیے. جیسا کہ یسوع مسیح نے کہا کہ تم بیماروں پر ہاتھ رکھو گے تو وہ شفا پائیں گے. ہمارے گناہوں کے لیے یسوع المسیح نے انہیں ہاتھوں کے اوپر کیل کھائے. جیسے پانچ انگلیاں ہیں اسی طرح خدا نے ہمیں پانچ طاقتیں دی ہیں اور وہ پانچ طاقتیں زندگی گزارنے کے لیے بہت ضروری ہیں. مسیحی ہونے کے ناطے ہمیں ان پانچ چیزوں کو ہمیشہ یاد رکھنا ہے۔

سب سے پہلی چیز ہے خدا. 1 کرنتھیوں 3 باب 16 آیت: "کیا تم نہیں جانتے کے تم خدا کے مقدس ہو اور خدا کا روح تم میں بسا ہوا ہے؟”۔ ہمارا جسم  پاک روح کا مقدس ہے۔

دوسری بات یسوع مسیح ہیں۔ متی 28 باب 20 آیت: "اور انکو یہ تعلیم دو کہ ان سب باتوں پر عمل کریں جن کا میں نے تم کو حکم دیا اور دیکھو میں دنیا کے آخر تک ہمیشہ تمہارے ساتھ ہوں”۔ اگر ہم یہ طاقت ہمیشہ یاد رکھیں کہ یسوع مسیح ہمیشہ ہمارے ساتھ ہیں تو ہمیں کبھی کوئی چیز نقصان نہیں پہنچا سکتی۔

تیسری طاقت ہے روح القدس۔ یوحنا 14 باب 16-18 آیت: "اور میں باپ سے درخواست کروں گا تو وہ تمہیں دوسرا مددگار بخشے گا کہ ابد تک تمہارے ساتھ رہے. یعنی روح حق جسے دنیا حاصل نہیں کر سکتی کیونکہ نہ اسے دیکھتی اور نہ جانتی ہے. تم اسے جانتے ہو کیونکہ وہ تمہارے ساتھ رہتا ہے اور تمہارے اندر ہو گا. میں تمہیں یتیم نہ چھوڑونگا. میں تمہارے پاس آؤنگا”.  پاک روح کی طاقت ہمیشہ ہمارے ساتھ ہے اور وہ کبھی ہمیں اکیلا اور یتیم نہ چھوڑے گا۔

چوتھی طاقت ہے یسوع المسیح کا لہو. افسیوں 2 باب 13 آیت: "مگر تم جو پہلے دور تھے اب مسیح یسوع میں مسیح کے خون کے سبب سے نزدیک آگئے ہو”. ہمیں یہ بات ہمیشہ یاد رکھنی ہے کہ یسوع المسیح کا خون ہمارے لیے بہت بڑی طاقت ہے کیونکہ اس کے لہو نے ہمیں گناہوں سے آزاد کروایا۔ اسکے لہو میں شفا ہے. یسوع کا لہو ہمارے لیے برکت والا ہے. اور یہ ہمارے لیے بہت بڑی طاقت ہے۔

پانچویں طاقت خدا کے فرشتے. عبرانیوں 1 باب 13 آیت: "لیکن اس نے فرشتوں میں سے کسی کے بارے میں کب کہا تو میری دہنی طرف بیٹھ جب تک میں تیرے دشمنوں کو تیرے پاؤں تلے کی چوکی نہ کردوں؟ کیا وہ سب خدمتگار روحیں نہیں جو نجات کی میراث پانے والوں کی خاطر خدمت کو بھیجی جاتی ہیں؟”۔ یہی فرشتے خدا کی طرف سے ہم سب کی مدد اور حفاظت کے لیے بھیجے جاتے ہیں۔ آمین