خداوند کی تعریف ہو کیونکہ وہ بھلا ہے اور اُس کی شفقت اَبدی ہے۔ میں آج آپ کو یہ سکھانا چاہتا ہوں کہ زمین پر ایک دفع ایک ایسی عدالت لگائی گئی جو دنیا کی سب سے بہترین اور سب سے زبردست عدالت تھی اور جِس کا کوئی ثانی نہیں، کہیں بھی اُس کی مثال نہیں مِل سکتی، کوئی اُس عدالت کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ اِس کا ذِکر ہم میں سے بہت سے لوگوں نے بہت دفع سُنا ہو گا۔ یوحنا کی انجیل 8 باب میں لکھا ہے کہ: ” فقی و فریسی ایک عورت کو، جو عین زَنا کے فعل کے وقت پکڑی گئی تھی، پکڑ کر یسوع ناصری کے سامنے لاۓ اور یسوع ناصری سے کہا، اے یسوع تُو اِس کے لیے کیا حکم دیتا ہے، کیونکہ موسٰی نے تو ہمیں حکم دیا کہ تو رات میں اِس کو سَنگسَار کر کے مار دے، تو کیا کہتا ہے”۔
"یسوع ناصری نے اُن کی بات سُن کر، اُس عورت کو جو اُس کے سامنے کھڑی کی گئی تھی، دیکھ کر زمین پر لکھنے لگا اور پھر سر اُٹھا کر اُن سے کہا تم میں سے جو کوئی بھی اِس کو سَنگسَار کرنا چاہتا ہے، اُن میں سے پہلا پتھر وہ مارے جِس نے زندگی میں کبھی گُناہ نہ کیا ہو اور یہ کہہ کر یسوع ناصری دوبارہ زمین پر لکھنے لگے اور تھوڑی دیر کے بعد اُن میں سے ایک ایک جو وہاں پر اُس عورت کو پکڑ کر لاۓ تھے اُس جگہ سے چلے گئے اور وہ عورت اکیلی یسوع مسیح کے سامنے کھڑی رہ گئی”۔ یسوع مسیح جِن کو زمین پر آدمیوں کے گُناہ معاف کرنے کا اِختیار ہے، یسوع مسیح جو سزا دینے کا حق رکھتے ہیں۔ جو اُس عورت کو سَنگسَار کروا سکتے تھے اُس وقت اُنہوں نے سَر اُٹھا کر عورت سے کہا: "عورت یہ لوگ کہاں گئے؟ کیا اُن میں سے کسی نے تیرے اُوپر کوئی حُکم نہیں لگایا یا تجھے سَنگسَار نہیں کیا؟ ” اُس نے کہا: ” نہیں خداوند "۔ یسوع نے کہا: ” جا، میں بھی تُجھ پر حُکم نہیں لگاتا۔ پھر کبھی گُناہ نہ کرنا "۔
عزیزو! اِس بات پر آپ غور کریں اور دیکھیں اور سمجھیں کہ کیا زمین پر کبھی کسی نے ایسی اچھی عدالت کی ہے؟ کیا کبھی کسی نے ایسی خُوبصُورت مِثال قائم کی ہے؟ وہ جو، جِس کی ذات میں کوئی گُنا نہیں تھا اُس نے بھی اُس پر حُکم نہیں لگایا، اُس کو پتھر نہیں مارا۔ اِس بات سے ہم یہ سیکھتے ہیں کہ یسوع مسیح کبھی کسی کو اَصَل میں سزا نہیں دینا چاہتے۔ وہ چاہتے ہیں کہ جو بھی اُن کے سامنے آئے اپنے گُناہوں کا اِقرار کرے، توبہ کرے اور سزا سے بچ جاۓ، آئیے آپ بھی ایسا ہی کریں۔ خداوند آپ کو برکت دے۔