jcm-logo

مسیح کا معاشرہ

ٹیکنالجی کا یہ دور ناقابل یقین دور ہے۔ خاص طور پر جب یہ بات مسیحیوں کی طرف آتی ہے۔ آج کے دور میں ہمارے پاس ایسی بہت سی سہولیات ہیں جن کے ذریعے ہم سرمنز کو سُن سکتے ہیں، مختلف حوصلہ افزائی کے پیغامات اور انجیل کی تعلیم بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ وہ سب ہمارے لئے انٹرنیٹ پر موجود ہیں۔ بہت سے لوگ اِس بات پر متفق ہوتے ہیں کہ خدا کے ساتھ ہمارا رشتہ بہت مضبوط ہے۔ وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ہم گھر بیٹھے پاک کلام کو پڑھتے، دُعا کرتے اور انٹرنیٹ سے تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ تو مجھے گرجاگھر جانے کی کیا ضرورت ہے۔ آج بہت سے مسیحیوں کے درمیان یہ ایک افسوسناک حقیقت ہے۔ وہ گرجاگھر کے تقاضوں کو نہیں سمجھتے۔ وہ اِس کے مقصد کو نہیں دیکھتے۔

اب اگر ہم اِس بات پر غور کریں تو کیا وہ گرجاگھر جیسی تعلیم انٹرنیٹ سے حاصل کر سکتے ہیں؟ بالکل ہاں! کیا وہ ویسی ہی دُعا کرنے کا موقع پاتے ہیں جو وہ گرجاگھر میں کرتے ہیں؟ شاید ہاں! لیکن وہ گھر بیٹھے انٹرنیٹ سے دُعا کے ذریعے کیا حاصل نہیں کر پا رہے جو وہ گرجاگھر میں تمام لوگوں کے ساتھ یکجا ہو کر حاصل کر سکتے ہیں؟ وہ اُس دوستانہ ماحول کو حاصل نہیں کر پا رہے۔ میں یہ سمجھ سکتا ہوں کہ بہت سے لوگ اکیلا رہنا پسند کرتے ہیں۔ جو تمام لوگوں کے ہجوم سے بچنا چاہتے ہیں اور کسی پر بھروسا نہیں کرنا چاہتے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ گرجاگھر نہیں آتے۔ لیکن گرجاگھر جانے اور اُن پہلی آزمائشوں کا سامنا کرنا بہت پھلدار سابت ہوتا ہے۔ اگر آپ اُن لوگوں میں سے ہیں جن کا رشتہ صرف خدا اور اپنے درمیان ہے تو یہ بہت دُکھ کی بات ہے۔ اِس طرح آپ اچھے دوستوں سے محروم رہتے ہیں جو آپ کے ایمان میں آپ کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

تو اگر آپ صرف اپنی سُنیں اور صرف اپنے اور خدا کے درمیان رشتے کے بارے میں سوچیں تو خدا تک آپ کی پہنچ صرف ایک محدود حد تک ہے۔ لیکن اگر آپ کی زندگی میں دوسرے لوگ ہیں جو آپ سے محبت رکھتے ہیں اور آپ کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ یسوع مسیح کے ساتھ آپ کا رشتہ مضبوط ہو، تو یہ آپ کے لئے ایک عظیم بات ہے۔

تو میری طرف سے آپ کی یہی حوصلہ افزائی ہے کہ آپ ایک اچھے گروہ میں شامل ہوں، جہاں آپ اپنے گناہوں کا اقرار کریں اور جہاں وہ لوگ آپ کی عیب جوئی نہ کرتے ہوئے آپ کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ آپ مقدس ہو سکیں۔ ایسے لوگوں میں شامل ہوں جو آپ کی ضرورت کے وقت اور اکیلے وقت میں آپ کا ساتھ دیں۔ مثال کے طور پر، آپ جسمانی طور پر زخمی ہیں اور آپ کو کسی کی ضرورت ہے کہ آپ کی خدمت کرے تو اِس میں بھی آپ اکیلے نہیں ہونگے۔ آپ کے لئے کلیسیا اور ہمارے مقدسین بھی آپ کے ساتھ ہونگے۔

جب خدا نے آدم کو بنایا تو خدا نے ہر طرف دیکھا کہ آدم کے پاس باغ، جانور، کھانا اور خاص طور پر خدا کے ساتھ رشتہ تھا۔ اُس وقت زمین پر کسی بھی قسم کا گناہ نہیں تھا۔ خدا نے آدم سے ایک اہم بات کہی کہ آدمی کے لئے اکیلا رہنا ٹھیک نہیں ہے۔ مسیحی ہوتے ہوئے ہمارے لئے بھی یہی حکم ہے۔ ہمیں یکجہتی میں رہنے کے لئے پیدا کیا گیا۔ یہاں تک کہ خدا خود بھی خدا باپ، خدا بیٹے اور خدا روح القدس کی صورت میں یکجہتی میں رہتے ہیں۔ اُس کی شکل میں پیدا ہونے کے ناطے یہ ہم پر بھی حکم ہے کہ ہم بھی لوگوں کی یکجہتی میں رہیں۔