متی 7 باب 13 اور 14 آیات:
” تنگ دروازہ سے داخل ہو کیونکہ وہ دروازہ چوڑا ہے اور وہ راستہ کشادہ ہے جو ہلاکت کو پہنچاتا ہے اور اُس سے داخل ہونے والے بہت ہیں۔ کیونکہ وہ دروازہ تنگ ہے اور وہ راستہ سُکڑا ہے جو زندگی کو پُہنچاتا ہے اور اُس کے پانے والے تھوڑے ہیں”۔
عزیزوں اِس تمثیل میں دو دروازوں اور دو راستوں کا ذکر ہے۔ تنگ دروازہ جس کا راستہ سکڑا ہے جس کا مطلب ہے یسوع مسیح کی تعلیم پر عمل کرتے ہوئے چلنا اور ہمیشہ کی زندگی کے وارث بن جانا۔ آسمان پر یسوع مسیح کے ساتھ رہنے کا حق حاصل کرنا۔ یہ راستہ مشکل ہے مگر نہ ممکن نہیں۔ اِس پر چلنے والے ہمیشہ اپنے دشمنوں کو معاف کرتے ہیں اور اُن کے لئے برکت کی دُعا کرتے ہیں۔ غلط طریقے سے پیسا کما کر امیر بننے کی بجائے وہ اُتنے پر گزارا کرتے ہیں جو ایمانداری اور محنت سے کمایا جائے۔ ایسے لوگ یسوع مسیح کی تعلیم کی منادی بول کر اور اپنے چال چلن دونوں سے کرتے ہیں۔
وہ دُکھوں میں صابر رہتے ہیں اور وہ ہر قسم کے گناہ سے پاک رہتے ہیں۔ وہ یسوع مسیح کی خاطر حرامکاری، بدکاری اور زناکاری سے کنارہ کرتے ہیں۔ یقیناً یہ کام نہ کرنا مشکل ہوتا ہے مگر یسوع مسیح آپ کو فضل دیتا ہے اور خود اندر سے آپ کو مضبوط کرتا ہے تاکہ آپ اِس تنگ دروازہ سے داخل ہو کر سکڑے راستے پر چل سکیں۔ مگر افسوس ایسے راستے کو اپنانے والے بہت کم لوگ ہیں۔
دوسری طرف چوڑا دروازہ ہے جو کشادہ راستہ ہے جس پر چلنے والے بہت زیادہ تعداد میں ہیں۔ مگر یہ راستہ اُنہیں موت اور ہلاکت کی طرف لے کر جاتا ہے۔ غافل لوگ زناکاری اور آرامدہ زندگی کے مزوں کی خاطر جو صرف چند برسوں کی ہے۔ وہ اُس ہمیشہ کی زندگی جو یسوع مسیح، خُدا باپ اور آسمان کے فرشتوں کے ساتھ ہو گی اُس کو کھو رہے ہیں۔ اگر آپ یہ پڑھ رہے ہیں تو آج ہی یسوع مسیح کا دامن پکڑ لیں اور اُس کے راستے پر چلنا شروع کر دیں۔ خُداوند آپ سب کو برکت دے۔ آمین!