jcm-logo

تاکستان اور مزدور کی تمثیل

متی 20 باب 1 سے 16 آیات:

” کِیُونکہ آسمان کی بادشاہی اُس گھر کے مالِک کی مانِند ہے جو سویرے نِکلا تاکہ اپنے تاکِستان میں مزدُور لگائے۔ اور اُس نے مزدُوروں سے ایک دِینار روز ٹھہرا کر اُنہِیں اپنے تاکِستان میں بھیج دِیا۔ پھِر پہر دِن چڑھے کے قرِیب نِکل کر اُس نے اَوروں کو بازار میں بیکار کھڑے دیکھا۔ اور اُن سے کہا تُم بھی تاکِستان میں چلے جاؤ۔ جو واجب ہے تُم کو دُوں گا۔ پَس وہ چلے گئے۔ پھِر اُس نے دوپہر اور تِیسرے پہر کے قرِیب نِکل کر ویسا ہی کِیا۔ اور کوئی ایک گھنٹہ دِن رہے پھِر نِکل کر اَوروں کو کھڑے پایا اور اُن سے کہا تُم کِیُوں یہاں تمام دِن بیکار کھڑے رہے؟ اُنہوں نے اُس سے کہا اِس لِئے کہ کِسی نے ہم کو مزدُوری پر نہِیں لگایا۔ اُس نے اُن سے کہا تُم بھی تاکِستان میں چلے جاؤ۔ جب شام ہُوئی تو تاکِستان کے مالِک نے اپنے کارِندہ سے کہا کہ مزدُوروں کو بُلا اور پِچھلوں سے لے کر پہلوں تک اُن کی مزدُوری دے دے۔ جب وہ آئے جو گھنٹہ بھر دِن رہے لگائے گئے تھے تو اُن کو ایک ایک دِینار مِلا۔ جب پہلے مزدُور آئے تو اُنہوں نے یہ سَمَجھا کہ ہم کو زیادہ مِلے گا تو اُن کو بھی ایک ہی ایک دِینار مِلا۔ جب مِلا تو گھر کے مالِک سے یہ کہہ کر شِکایت کرنے لگے کہ اِن پِچھلوں نے ایک ہی گھنٹہ کام کِیا ہے اور تُو نے اِن کو ہمارے برابر کر دِیا جِنہوں نے دِن بھر کا بوجھ اُٹھایا اور سخت دھُوپ سہی۔ اُس نے جواب دے کر اُن میں سے ایک سے کہا مِیاں میں تیرے ساتھ بے اِنصافی نہِیں کرتا۔ کیا تیرا مُجھ سے ایک دِینار نہِیں ٹھہرا تھا؟ جو تیرا ہے اُٹھا لے اور چلا جا۔ میری مرضی یہ ہے کہ جِتنا تُجھے دیتا ہُوں اِس پِچھلے کو بھی اُتنا ہی دُوں۔ کیا مُجھے روا نہِیں کہ اپنے مال سے جو چاہُوں سو کرُوں؟ یا تُو اِس لِئے کہ مَیں نیک ہُوں بُری نظر سے دیکھتا ہے؟ اِسی طرح آخِر اوّل ہو جائیں گے اور اوّل آخِر”۔

عزیز بہن بھائیوں اِس خاص تمثیل میں خُدا ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ جو لوگ آخرت میں یسوع مسیح سے انعام اور برکت پائیں گے اُس کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہوگا کہ اگر یسوع مسیح کے کسی خادم نے پچاس سال یا ساٹھ سال اور کسی دوسرے خادم نے دس یا بیس سال خُداوند کی خدمت میں گزارے تو اُسے زیادہ سال خدمت کرنے والے سے کم اجر ملے گا، نہیں! بلکہ اِس تمثیل کے مطابق سب کو ایک جتنا ہی اجر ملے گا اور وہ جو دل میں ایسا خیال رکھیں گے کہ ہمیں خُدا سے زیادہ ملے گا تو اُنہیں اُس وقت حیرت کا سامنا کرنا پڑھے گا کیونکہ خُدا سب خادموں کے ساتھ ایک جیسا سلوک کرے گا۔ خُداوند آپ کو برکت دے۔ آمین!