jcm-logo

تین نوکروں کی تمثیل

متی 25 باب 14 سے 30 آیات:

” کِیُونکہ یہ اُس آدمِی کا سا حال ہے جِس نے پردیس جاتے وقت اپنے گھر کے نَوکروں کو بُلا کر اپنا مال اُن کے سُپُرد کِیا۔ اور ایک کو پانچ توڑے دِئے۔ دُوسرے کو دو اور تِیسرے کو ایک یعنی ہر ایک کو اُس کی لِیاقت کے مُطابِق دِیا اور پردیس چلا گیا۔ جِس کو پانچ توڑے مِلے تھے اُس نے فوراً جا کر اُن سے لین دین کِیا اور پانچ توڑے اور پَیدا کر لِئے۔ اِسی طرح جِسے دو مِلے تھے اُس نے بھی دو اور کمائے۔ مگر جِس کو ایک مِلا تھا اُس نے جا کر زمِین کھودی اور اپنے مالِک کا رُوپِیہ چھِپا دِیا۔ بڑی مُدّت کے بعد اُن نَوکروں کا مالِک آیا اور اُن سے حِساب لینے لگا۔ جِس کو پانچ توڑے مِلے تھے وہ پانچ توڑے اور لے کر آیا اور کہا اَے خُداوند! تُو نے پانچ توڑے مُجھے سُپُرد کِئے تھے۔ دیکھ میں نے پانچ توڑے اور کمائے۔ اُس کے مالِک نے اُس سے کہا اَے اچھّے اور دِیانتدار نَوکر شاباش! تُو تھوڑے میں دِیانتدار رہا۔ میں تُجھے بہُت چِیزوں کا مُختار بناؤں گا۔ اپنے مالِک کی خُوشی میں شرِیک ہو۔ اور جِس کو دو توڑے مِلے تھے اُس نے بھی پاس آ کر کہا اَے خُداوند تُو نے دو توڑے مُجھے سُپُرد کِئے تھے۔ دیکھ میں نے دو توڑے اور کمائے۔ اُس کے مالِک نے اُس سے کہا اَے اچھّے اور دِیانتدار نَوکر شاباش! تُو تھوڑے میں دِیانتدار رہا۔ میں تُجھے بہُت چِیزوں کا مُختار بناؤں گا۔ اپنے مالِک کی خُوشی میں شرِیک ہو۔ اور جِس کو ایک توڑا مِلا تھا وہ بھی پاس آ کر کہنے لگا اَے خُداوند میں تُجھے جانتا تھا کہ تُو سخت آدمِی ہے اور جہاں نہِیں بویا وہاں سے کاٹتا ہے اور جہاں نہِیں بِکھیرا وہاں سے جمع کرتا ہے۔ پَس میں ڈرا اور جا کر تیرا توڑا زمِین میں چھِپا دِیا۔ دیکھ جو تیرا ہے وہ موجُود ہے۔ اُس کے مالِک نے جواب میں اُس سے کہا اَے شرِیر اور سُست نَوکر! تُو جانتا تھا کہ جہاں میں نے نہِیں بویا وہاں سے کاٹتا ہُوں اور جہاں میں نے نہِیں بِکھیرا وہاں سے جمع کرتا ہُوں۔ پَس تُجھے لازم تھا کہ میرا رُوپِیہ ساہُوکاروں کو دیتا تو میں آ کر اپنا مال سُود سمیت لے لیتا۔ پَس اِس سے وہ توڑا لے لو اور جِس کے پاس دس توڑے ہیں اُسے دے دو۔ کِیُونکہ جِس کِسی کے پاس ہے اُسے دِیا جائے گا اور اُس کے پاس زیادہ ہو جائے گا مگر جِس کے پاس نہِیں ہے اُس سے وہ بھی جو اُس کے پاس ہے لے لِیا جائے گا۔ اور اِس نِکمّے نَوکر کو باہِر اَندھیرے میں ڈال دو۔ وہاں رونا اور دانت پِیسنا ہوگا”۔

یہ ایک ایسی تمثیل ہے جو ہم سب کو ہمیشہ یاد رکھنی چاہیے کہ ہم سب جو خُداوند یسوع مسیح پر ایمان لاتے ہیں۔ ہم سب کو خُداوند خُدا ہماری لیاقت کے مطابق صلاحیتیں اور خدمتیں دیتا ہے۔ اپنی اُنہیں صلاحیتیں اور خدمتوں کے مطابق ہمیں پوری جان سے محنت کرنی چاہیے۔ اِس تمثیل میں یسوع نے جس کو پانچ توڑے دیے اُس نے پانچ کے ساتھ پانچ اور کمائے، جس کو دو توڑے ملے تھے اُس نے دو کے ساتھ دو اور کمائے، مگر جس کو ایک توڑا ملا تھا اُس نے اُس کے ساتھ کچھ بھی نہ کمایہ اور نتیجاہً اُس کو مالک سے سزا ملی۔

آج ہمارے ملکوں میں جہاں ابھی بھی جہالت اور غربت نے دماغوں کو بند کر رکھا ہے۔ اکثر کم تعلیم یافتا لوگ جو بلکل بھی پڑھ لکھ نہیں سکتے وہ یہ سوچتے ہیں کہ ” میں خُدا کے لئے کیا کر سکتا ہوں؟” ایسے لوگوں کو بھی خُدا نے بہت سی صلاحیتیں دے رکھیں ہیں۔ شاید آپ خانہ بہت اچھا بنا سکتے ہیں اور اِسی طرح آپ کلیسیائی کاموں میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں یا چرچ میں صفائی یا اور بھی بہت سے کاموں میں آپ ہاتھ بٹا سکتے ہیں۔ خُداوند کے جلال کے لئے کئی دفعہ کسی بیمار کی خدمت کر سکتے ہیں۔ یہ سب چھوٹے چھوٹے توڑے ہیں جنہیں ہم یسوع کے نام کے جلال کے لئے استعمال کر سکتے ہیں۔ اِسی طرح بہت سے چھوٹے چھوٹے کاموں میں آپ بے لوث لوگوں کی مدد کر سکتے ہیں۔

خُدا کے خادم صرف پاسٹر، بشپ وغیرہ ہی نہیں ہوتے بلکہ وہ جو چرچ کا دروازہ کھولتے یا کرسیاں لگاتے ہیں وہ بھی خُدا کے خادم ہوتے ہیں کیونکہ وہ بھی خُدا کی خدمت کررہے ہوتے ہیں۔ جب یسوع مسیح اپنے خادموں کو انعام دیں گے تو اُس وقت بڑے بڑے خادم بھی حیرتذدہ ہونگیں کہ اُن سے زیادہ بڑے انعام بعض چھوٹے چھوٹے غیر نامور خادموں کو ملیںگے۔ جنہیں اُنہوں نے کبھی خاص عزت نہ دی تھی کیونکہ بہت سے اوّل آخر ہو جائیں گے اور آخر اوّل ہو جائیں گے۔ اِس لئے آپ اپنی ہر چھوٹی سے چھوٹی خدمت کو بھی دل کی خوشی سے پورا کریں۔ خُداوند آپ کو برکت دے۔ آمین!