اس وقت روح یسوع مسیح کو جنگل میں لے گیا تاکہ ابلیس سے آزمایا جائے اور چالیس دن اور چالیس رات کچھ نہ کھانے کے بعد یسوع کو بھوک لگی. ابلیس نے پاس آ کر اس سے کہا کہ ” اگر تو خدا کا بیٹا ہے تو فرما کہ یہ پتھر روٹیاں بن جائیں”. یسوع نے جواب میں اس سے کہا لکھا ہے کہ ” آدمی صرف روٹی ہی سے جیتا نہ رہے گا بلکہ ہر بات سے جو خدا کے منہ سے نکلتی ہے”۔
اس کے بعد ابلیس اسے مقدس شہر میں لے گیا اور ہیکل کے کنگرے پر کھڑا کر کے اس سے کہا ” اگر تو خدا کا بیٹا ہے تو اپنے آپ کو نیچے گرا کیونکہ لکھا ہے کہ وہ تیری بابت اپنے فرشتوں کو حکم دے گا اور وہ تجھے ہاتھوں پر اٹھا لینگے تاکہ ایسا نہ ہو کہ تیرے پاؤں کو پتھر سے ٹھیس لگے”. یسوع نے اس سے کہا یہ بھی لکھا ہے کہ ” تو خداوند اپنے خدا کی آزمائش نہ کر”. آخر میں ابلیس اسے ایک اونچے پہاڑ پر لے گیا اور دنیا کی سب سلطنتیں اور ان کی شان و شوکت اسے دکھائیں اور اس سے کہا ” اگر تو جھک کر مجھے سجدہ کرے تو یہ سب کچھ دے دونگا”۔
یسوع نے اس سے کہا اے شیطان دور ہو کیونکہ لکھا ہے کہ ” تو خداوند اپنے خدا کو سجدہ کر اور صرف اسی کی عبادت کر”۔ تب ابلیس اس کے پاس سے چلا گیا اور فرشتے آ کر اسکی خدمت کرنے لگے. آمین