jcm-logo

فدیہ کیا ہے؟

فدیہ کیا ہے؟ - یسوع مسیح کی قربانی کا فدیہ - ہمارے گناہوں کی معافی کے لئے خداوند کا فدیہ

خداوند نے یسوع مسیح کی جان کی قربانی کے ذریعے گناہوں کی معافی اور موت سے چھٹکارے کا انتظام کیا ہے اور اس قربانی کی قیمت کی بنا پر ہمیں نجات ملتی ہے. اسی لیے اس قیمت کو فدیہ کہا جاتا ہے. افسیوں 1 باب 7 آیت: ” ہم کو اس میں اس کے خون کے وسیلہ سے مخلصی یعنی قصوروں کی معافی اس کے اس فضل کی دولت کے موافق حاصل ہے”۔

انجیل مقدس ہمیں بتاتی ہے کہ ہمیں یسوع کی جان کی قربانی اور فدیے کی ضرورت کیوں پڑی. ہم گناہ اور موت کی دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں. اس کے باوجود خدا ہم کو فدیے کے ذریعے آج بھی برکتوں سے نوازتا ہے. ہمیں یسوع مسیح کی جان کی قربانی پر ایمان لانا ہے کیونکہ یسوع مسیح کے بارے میں کہا گیا ہے یوحنا 3 باب 36 آیت: ” جو بیٹے پر ایمان لاتا ہے ہمیشہ کی زندگی اس کی ہے لیکن جو بیٹے کو نہیں مانتا زندگی کو نہ دیکھے گا بلکہ اس پر خدا کا غضب رہتا ہے”۔

فدیہ کے ذریعے ہمیں اپنے گناہوں کی معافی، ایک صاف ضمیر اور ہمیشہ کی زندگی کی امید حاصل ہوتی ہے. 1 یوحنا 7 سے 9 آیات: ” لیکن اگر ہم نور سے چلیں جس طرح کہ وہ نور میں ہے تو ہماری آپس میں شراکت ہے اور اس کے بیٹے یسوع کا خون ہمیں تمام گناہوں سے پاک کرتا ہے۔ اگر ہم کہیں کہ ہم بے گناہ ہیں تو اپنے آپ کو فریب دیتے ہیں اور ہم میں سچائی نہیں۔ اگر اپنے گناہوں کا اقرار کریں تو وہ ہمارے گناہوں کے معاف کرنے اور ہمیں ساری ناراستی سے پاک کرنے میں سچا اور عادل ہے”۔

یہ سچ ہے کہ خدا نے ہمیں بہت سی نعمتوں سے نوازا ہے. لیکن خدا نے ہمیں ایسا تحفہ بھی دیا ہے جو باقی ساری نعمتوں سے زیادہ قیمتی ہے، یہ تحفہ یسوع مسیح کی جان کی قربانی ہے جو اس نے فدیے کے طور پر دی. متی 20 باب 28 آیت: ” چنانچہ ابن آدم اس لیے نہیں آیا کہ خدمت لے بلکہ اس لیے کہ خدمت کرے اور اپنی جان بہتیروں کے بدلے فدیہ میں دے”۔ یہی قربانی ہم سب کے لیے خوشی کا باعث ہے اور خدا نے اس فدیہ کو دے کر اپنی محبت کا اظہار کیا ہے۔