آج ہم روح کے پھل کی بات کریں گے. یسوع مسیح چاہتا ہے کہ ہر مسیحی اچھا پھل لائے اور اچھا پھل جسم سے نہیں بلکہ روح سے آتا ہے. گلتیوں 5 باب 16-17 آیات: "مگر میں یہ کہتا ہوں کہ روح کے موافق چلو تو جسم کی خواہش کو ہرگز پورا نہ کرو گے. کیونکہ جسم روح کے خلاف خواہش کرتا ہے اور روح جسم کے خلاف اور یہ ایک دوسرے کے مخالف ہیں تاکہ جو تم چاہتے ہو وہ نہ کرو”۔
روح اور جسم دونوں ایک دوسرے کے خلاف کام کرتے ہیں۔ خداوند یسوع المسیح ہم سے روح کا پھل مانگتا ہے نہ کہ جسم کا کیونکہ جسم تو گنہگار ہے. گلتیوں 5 باب 19-21 آیت: "اب جسم کے کام تو ظاہر ہے یعنی حرامکاری، ناپاکی، شُہرت پرستی، بت پرستی، جادوگری، عداوتیں، جھگڑا، حسد، غصہ، تفرقے، جدائیاں، بدنیعتیں، بعض نشہ بازی، ناچ گانا اور ان کی مانند ان کی بابت تمہیں پہلے سے کہہ دیتا ہوں جیسا پیشتر جتا چکا ہوں کہ ایسے کام کرنے والے خدا کی بادشاہی کے وارث نہ ہوں گے”۔
ہمارا جسم ناپاک ہے ہماری جسمانی خواہیشات ہمیں خدا کی بادشاہی سے دور کرتی ہیں. اسی لیے خدا نے ہم سے روح کا پھل مانگا ہے کیونکہ روح پاک ہوتی ہے. روح ہمیشہ جسم کے مخالف چلتی ہے. روح کی خوبیاں کچھ اس طرح انجیل مقدس میں بیان کی گئی ہیں، گلتیوں 5 باب 22-25 آیت: "مگر روح کا پھل محبت، خوشی، اطمینان، تحمل، مہربانی، نیکی، ایمانداری، حلیم، پرہیزگاری ہے۔ ایسے کاموں کی کوئی شریعت مخالف نہیں اور جو مسیح یسوع کے ہیں انہوں نے جسم کو اس کی رغبتوں اور خواہشوں سمیت صلیب پر کھینچ دیا ہے. اگر ہم روح کے سبب سے زندہ ہیں تو روح کے موافق چلنا بھی چائیے”۔
یہ ہمارے روح کے پھل ہیں جو مسیح یسوع چاہتا ہے کہ ہم اپنائیں کیونکہ اچھا چرواہا اپنی بھیڑوں کی حفاظت کرتا ہے اور انکو سیدھی راہ پر چلاتا ہے. ہمارا خداوند یسوع مسیح ہمارا اچھا چرواہا ہے اور ہم اسکی بھٹکی ہوئی بھیڑیں ہیں وہ ہمیشہ چاہتا ہے کہ ہم ہلاک نہ ہوں بلکہ اس میں ہمیشہ کی زندگی کے حقدار بنیں. آمین!