مسیح یسوع کے مبارک نام میں آپ کی خدمت میں سلام پیش کرتے ہوئے ہم آپ کے لئے زبور کی کتاب ریکارڈ کروا رہے ہیں۔ یہ اُن بہن بھائیوں کے لئے ہے جو پڑھ اور لکھ نہیں سکتے۔ اُن کے دل میں اِس بات کے لئے بہت چاہت ہے کہ وہ زبور کی کتاب پڑھ سکیں۔ ہم یہ اِس لئے کر رہے ہیں کہ وہ سب پاک کلام کو سُن سکیں، سمجھ سکیں، اِس پر عمل کریں اور اِس سے دُعا کرنا سیکھیں۔
یسوع مسیح کے جلالی نام میں ہم آپ کے لئے برکت کی دُعا کرتے ہیں۔ میں آپ کے سامنے زبور کی کتاب کا تعارف پیش کرتا ہوں۔ بائبل مقدس میں زبور کی کتاب گیتوں، دُعاؤں اور مُناجات کی کتاب ہے۔ زبور طویل عرصے کے دوران مختلف مصنفین اور شاعروں نے لکھے۔ اِسرائیل نے اِن گیتوں، دُعاؤں اور مُناجات کو اکٹھا مُرطب کیا اور وہ اِنہیں عبادات میں استعمال کرتے تھے۔ آخرکار اُنہیں نویشتوں میں شامل کر لیا گیا۔ یہ مذہبی نظمیں مختلف اقسام کی ہیں، کچھ خدا کی حمد و ثنا، پرستش اور ستایش کے گیت ہیں، کچھ مدد، حفاظت اور نجات کے لئے دُعاؤں ہیں۔ اِن میں کچھ معافی کے لئے التجائیں ہیں، کچھ خدا کی برکتوں کے لئے شکرگزاری اور احسانمندی کے گیت ہیں۔ اِن میں کچھ دشمنوں کو سزا دینے کے لئے درخواستیں ہیں۔
یہ دُعائیں شخصی و زاتی اور قومی و اجتمائی بھی ہیں۔ اِن میں بعض فردِ واحد کے گہرے شخصی اور دلی احساسات کو پیش کرتیں ہیں۔ جبکہ دوسرے خدا کے سارے لوگوں کی ضروریات اور احساسات کی نمائندگی کرتے ہیں۔ یہ زبور یسوع مسیح نے بھی استعمال کیے۔ نئے عہد نامے کے مصنفین نے اِنہیں اقتباس کیا اور یہ زبور مسیحی کلیسیا کے ابتدائی دنوں سے ہی عبادت و پرستش کی قیمتی کتاب بن گئے۔