jcm-logo

زبور 26 – راست آدمی کی دُعا

زبور 26: ” اَے خُداوند میرا انصاف کر کیونکہ مَیں راستی سے چلتا رہا ہوں۔ اور مَیں نے خُداوند پر بے لغزش تُوکل کِیا ہے۔ اے خُداوند! مجھے جانچ اور آزما۔ میرے دِل و دماغ کو پرکھ۔ کیونکہ تیری شفقت میری آنکھوں کے سامنے ہے اور مَیں تیری سچائی کی راہ پر چلتا رہا ہوں۔ میں بیہودہ لوگوں کے ساتھ نہیں بیٹھا۔ مَیں ریاکاروں کے ساتھ کہیں نہیں جاؤنگا۔ بدکرداروں کی جماعت سے مجھے نفرت ہے۔ مَیں شریروں کے ساتھ نہیں بیٹھونگا۔ مَیں بے گُناہی میں اپنے ہاتھ دھوؤنگا اور اَے خُداوند! مَیں تیرے مذبح کا طواف کرُونگا۔ تاکہ شکرگزاری کی آواز بلند کرُوں۔ اَے خُداوند! میں تیری سکونت گاہ اور تیرے جلال کے خیمہ کو عزیز رکھتا ہوں۔

میری جان کو گنہگاروں کے ساتھ اور میری زندگی کو خُونی آدمیوں کے ساتھ نہ ملا۔ جن کے ہاتھوں میں شرارت ہے اور جن کا دہنا ہاتھ رشوتوں سے بھرا ہے۔ پر میں تو راستی سے چلتا رہونگا۔ مجھے چھُڑا لے اور مجھ پر رحم کر۔ میرا پاؤں ہموار جگہ پر قائم ہے۔ میں جماعتوں میں خُداوند کو مُبارک کہونگا”۔ آمین!