jcm-logo

زبور 28 – مدد کے لئے التجا

زبور 28: ” اَے خُداوند! مَیں تجھ ہی کو پُکارونگا۔ اَے میری چٹان! تُو میری طرف سے کان بند نہ کر۔ ایسا نہ ہو کہ اگر تُو میری طرف سے خاموش رہے تو مَیں اُن کی مانند بن جاؤں جو پاتال میں جاتے ہیں۔ جب مَیں تجھ سے فریاد کروں اور اپنے ہاتھ تیری مُقدس ہیکل کی طرف اُٹھاؤں تو میری مِنت کی آواز کو سُن لے۔ مجھے اُن شریروں اور بدکرداروں کے ساتھ گھسیٹ نہ لیجا جو اپنے ہمسایوں سے صُلح کی باتیں کرتے ہیں مگر اُن کے دِلوں میں بدی ہے۔ اُن کے افعال و اعمال کی بُرائی کے مُوافق اُن کو بدلہ دے۔ اُن کے ہاتھوں کے کاموں کے مُطابق اُن سے سلُوک کر۔

اُن کے کِئے کا عوض اُن کو دے۔ وہ خُداوند کے کاموں اور اُس کی دستکاری پر دھیان نہیں کرتے۔ اِس لئے وہ اُن کو گِرا دیگا اور پھر نہیں اُٹھائیگا۔ خُداوند مُبارک ہو۔ اِس لئے کہ اُس نے میری مِنت کی آواز سُن لی۔ خُداوند میری قوت اور میری سِپر ہے۔ میرے دِل نے اُس پر تُوکل کیا ہے اور مجھے مدد ملی ہے۔ اِسی لئے میرا دِل نہایت شادمان ہے اور میں گیت گا کر اُس کی ستائش کرونگا۔ خُداوند اُن کی قوت ہے۔ وہ اپنے ممسوح کے لئے نجات کا قلعہ ہے۔ اپنی اُمت کو بچا اور اپنی میراث کو برکت دے۔ اُن کی پاسبانی کر اور اُن کو ہمیشہ تک سنبھالے رہ”۔ اِس لئے آپ سب بھی اپنے افعال و اعمال خداوند کے کلام کے مطابق رکھیں۔ خداوند آپ سب کو برکت دے۔ آمین!